کولکاتا 20نومبر (ایجنسی/ایس او نیوز) آندھرا پردیش کے وزیر اعلیٰ چندر ابابو نائیڈو نے آج ریاستی سیکریریٹ نو بنومیں وزیراعلیٰ ممتا بنرجی سے ملاقات کے بعد کہا ہے کہ وقت آگیا ہے کہ بی جے پی کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف اپوزیشن جماعتیں متحد ہوکرمقابلہ کریں اورملک کے مفادات اور جمہوریت کو بچانے کیلئے لوک سبھا انتخابات میں اپوزیشن جماعتوں کا متحد ہوکر بی جے پی کا مقابلہ کرنا ضروری ہے۔
چندر ابا بو نائیڈو آج سہ پہر کولکاتا پہنچے اور 5بجے شام ریاستی سیکریٹریٹ نو بنو میں ممتا بنرجی سے ملاقات کی۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کے خلاف ملک میں ناراضگی ہے اور بی جے پی ملک کے آئینی اداروں کو کمزور کرنے کی کوشش کررہی ہے۔ ملک میں عدم تشدد کا ماحول ہے اور اس کی وجہ سے جمہوری اقدار کمزور ہورہے ہیں۔
اس موقع پرممتا بنرجی نے نامہ نگاروں سے کہا کہ چوں کہ پانچ ریاستوں میں اسمبلی انتخابات کیلئے مہم جاری ہے۔ایسے میں اپوزیشن جماعتوں کی 22نومبرکومیٹنگ منعقد ہونے کی گنجائش نہیں ہے۔ تاہم وزیرا علیٰ نے کہا کہ ہم سب ساتھ میں ہیں اوربی جے پی منفی مہم کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
نائیڈو کانگریس کے ساتھ مل کر بی جے پی کے خلاف موثراتحاد کی تشکیل کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ گزشتہ ہفتوں میں وہ کانگریس صدرراہل گاندھی سمیت کئی علاقائی جماعتوں کے لیڈروں سے ملاقات کرچکے ہیں۔ تین دن قبل ہی ممتا بنرجی نے آندھر پردیش میں سی بی آئی کو جانچ کی عمومی اجازت منسوخ کرنے کے فیصلے کی حمایت کرتے ہوئے بنگال میں بھی اس کو نافذ کردیا تھا۔ دونوں لیڈروں نے بی جے پی سی بی آئی کا غلط استعمال کرنے کا الزام عاید کیاتھا۔
اس سے قبل اسی مہینے نائیڈو نے سینئرکانگریسی لیڈراورراجستھان کے سابق وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت سے ملاقات کرکے اس مسئلے پر تبادلہ خیال کیا تھا۔ نائیڈو اوران کی پارٹی تیلگو دیشم کا موقف ہے کہ بی جے پی کے خلاف اتحاد کو موثر بنانے کیلئے کانگریس کوساتھ لینا ضروری ہے۔ نائیڈو اب تک این سی پی کے صدر شرد پورا، جموں وکشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ، کانگریس صدر راہل گاندھی،سماجوادی پارٹی کے صدر اور سابق وزیر اعلیٰ اکھلیش سنگھ یادو، سابق وزیر اعلیٰ مایا وتی، راشٹریہ لوک دل کے صدر اجیت سنگھ، سی پی ایم کے سیکریٹری جنرل سیتارام یچوری، ڈی ایم کے کے صدرایم کے اسٹالن، جنتادل سیکولرکے لیڈروسابق وزیراعظم ایچ ڈی گوڑا سے ملاقات کرچکے ہیں۔